ممبئی 27اگست (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) پال گھر ضلع کے واڈا، وکرم گڑھ، تلاسری اور پال گھر تعلقہ میں ریلائنس کمپنی کی گیس پائپ لائن کا کام چل رہا ہے جس پر گاؤں والوں کا احتجاج جاری ہے ۔ ہفتہ کی دوپہر 3 بجے کے ارد گرد سینکڑوں گاؤں والوں نے پائپ لائن کے کام کو روکتے ہوئے زبردست احتجاج کیا۔ اسی دوران واڈا پولس اور گاؤں والوں کے درمیان جھڑپ ہو گئی۔ اس کے بعد پولس نے 40لوگوں کے خلاف معاملہ درج کیا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق مظاہرین نے تقریباً 2گھنٹے تک خوب ہنگامہ کیا ۔ اس دوران انہوں نے پولس پر بھی حملہ کئے ۔ اس کے بعد پولس نے ولاس گایکواڈ، سنیل جادھو، سچن گایکواڈ، ارون جادھو، شیواجی پاٹل، منوج گایکواڈ، کلپنا گایکواڈ، سنیتا دھن گر، سویتا گایکواڈ، شوبھا دھن گر، چندرکلا جادھو، سوپنل پاٹل سمیت 40 افراد پر دفعہ 109، 143، 353، 452، 504، 34 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ قبائلی شیت کاری کمیٹی کے چیئرمین مدھوکر سکھار ام نے بتایا کہ کمپنی نے رائے گڑھ، واڈا میں جس زمین کی قیمت 5لاکھ روپے دی ہے اسی زمین کے لئے تلاسری، پالگھر، ڈہانو اور وکرم گڑھ کے لوگوں کو دو سو سے نو ہزار روپے تک ہی دیئے گئے ہیں۔
قبائلیوں کا مطالبہ ہے کہ انہیں بھی قیمت کا معاوضہ اتنا ہی ملنا چاہیے۔ گاؤں والوں کا الزام ہے کہ ان کی زمین کا ملنے والا معاوضہ بہت کم ہے۔ الزم ہے کہ جس وقت کمپنی نے ان کی زمین لی تھی، اس وقت زمین کی قیمت کچھ الگ بتائی گئی تھی۔ گیس پائپ لائن کی مخالفت مین پالگھر کے تما م تعلقہ کے سیکڑوں افراد نے 12اگست کو ممبئی احمدآباد ہائی وے کے منور سے امبانی کے گھر تک پیدل مارچ کیا تھا لیکن 13اگست کو انہیں دہسر چیک ناکہ سے انہیں یقین دہانی کے بعد واپس بھیج دیا گیا تھا۔ اس دوران ضلع مجسٹریٹ کے حکم پر پھر سے واڈا واقع ولوشی گاؤں میں کام شروع کیا گیا۔ گاؤں والوں کی مخالفت کو دیکھتے ہوئے پولس بندوبست کیا گیا تھا۔